عالمی مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت میں فی بیرل 5 ڈالر کمی دیکھنے میں آئی ہے۔پبلک نیوز کے مطابق یکم نومبر سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔آئندہ ماہ میں پٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 16 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کا تیل بھی سستا ہوگا۔اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی حتمی سمری 31 اکتوبر کو پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جائے گی۔
پٹرول کی قیمت میں حیرت انگیز کمی#PublicNews #NewsUpdates #PetrolDieselPrice pic.twitter.com/liF8i5fxFh
— Public News (@PublicNews_Com) October 25, 2023
نگران حکومت کی جانب سے 16 اکتوبر کوپٹرول 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کی گئی تھی۔
بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں مشرق وسطٰی کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہونے کے بعد برطانوی خام تیل کی قیمت 90 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 84 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے نیچے آ گئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 88 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 83 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل تک عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 80 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک بھی پہنچ گئی تھیں، تاہم مشرق وسطٰی میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی میں خلل پڑنے کے خدشات پیدا ہوئے، جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور گزشتہ ہفتے تک قیمتیں 90 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھیں۔