این ڈی ایم اے نے آئندہ 3 روز میں ملک کے مختلف شہروں میں 200 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہرکر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے مطابق آئندہ 3 دنوں میں کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 200 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے جبکہ پوٹھوہار، مردان اورلاہور ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، راجن پور، میرپور خاص، سکھر، کراچی، حیدر آباد، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹھہ، تھرپارکر، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہ سلیمان رینج بشمول ژوب، زیارت، قلات اور سبی ڈویژن کے متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بروقت ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی سیلابی پانی کو پار کرنے سے گریز کریں اور محفوظ مقامات کی پہلے ہی نشاندہی کر لیں۔
دوسری جانب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شدید بارشوں کے پیش نظر موٹر وے صارفین کے لئے سفری ایڈوائزری جاری کر دی۔
ترجمان موٹر وے پولیس نارتھ زون کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق اسلام آباد، پشاور، کوٹ مومن، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور تھاہ کوٹ کے مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر تمام ٹول پلازوں پر موٹروے استعمال کرنے والوں کے لیے سپیشل بریفنگ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران روڈ پر پھسلن ہونے کی وجہ سے بھی گاڑی بے قابو ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے، حادثات سے بچاؤ کے لیے بارش کے دوران ڈرائیونگ میں زیادہ احتیاط سے گاڑی چلائیں۔
انہوں نے درخواست کی کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔
ترجمان نے کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور ایف ایم ریڈیو چینل سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔