آٹا مہنگا ہوگیا، تندور مالکان کی روٹی 15 روپے میں بیچنے سے معذرت سادہ روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے دی

متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے سادہ روٹی 15 روپے میں بیچنے سے معذرت کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے سادہ روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 250 روپے مہنگا ہوچکا ہے جس کی وجہ سے سادہ روٹی 15 روپے میں فروخت نہیں کرسکتے، اس لیے روٹی 20 روپے میں بیچنے کی اجازت دی جائے۔

اس حوالے سے صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب اسلم گل کا مؤقف ہے کہ صرف ایک مہینے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے اب ہم 14 یا 15 روپے میں سادہ روٹی نہیں بیچ سکتے، حکومت کو چاہیئے روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کرے، اس سلسلے میں ایک دو روز تک حکومتی فیصلے کا انتظار کریں گے اس کے بعد ہم اپنا فیصلہ لاگو کریں گے۔

ادھر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے آٹے کی قیمتوں پر عملدرآمد بارے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں ماہ صوبہ بھر کی عام مارکیٹوں میں 29 ہزار 425 مقامات کو چیک کیا، اس دوران لاہور ڈویژن میں 4 ہزار 236، گوجرانوالہ میں 2 ہزار 351، فیصل آباد میں 5 ہزار 720، سرگودھا میں 3 ہزار 082 پوائنٹس کو چیک کیا گیا، اسی طرح ملتان ڈویژن میں 3 ہزار 948، بہاولپور میں 4 ہزار 396، ساہیوال میں 1 ہزار 810، راولپنڈی میں 3 ہزار 750، ڈی جی خان میں 69 مقامات کی چیکنگ کی گئی، رواں ماہ صوبہ بھر میں 1 ہزار 340 فلور ملز کو بھی چیک کیا گیا۔

وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام فلور ملز کو ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے بارہا چیک کیا جا رہا ہے، قوانین کی خلاف ورزیوں پر 268 ملوں کو شوکاز نوٹس اور 304 فلور ملز کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں، محکمہ خوراک پنجاب کے 177 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ آپریشن میں مصروف ہیں، تمام اضلاع کی فلور ملز اور آٹا ڈیلرز کے نوٹیفائید قیمتوں پر فروخت کی کڑی نگرانی جاری ہے، مہنگا آٹا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں