ادویات 400 فیصد تک مہنگی کر دی گئیں جان بچانے والی ادویات سمیت کینسر، دل، شوگر اور دیگر تمام امراض کی ادویات کی قیمتوں میں 200 سے 400 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا

 ایک سال کے دوران ادویات کی قیمتوں میں 400 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا، جان بچانے والی ادویات سمیت کینسر، دل، شوگر اور دیگر تمام امراض کی ادویات 200 سے 400 فیصد تک مہنگی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے دوران ملک میں ادویات مہنگی ہونے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران ادویات مہنگی ہونے سے متعلق ہوشربا اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران ادویات کی قیمتوں میں مختلف کیٹگریز میں 200 سے 400 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔دل کے امراض، شوگر، بلڈ پریشر، کینسر اورجان بچانے والی ادویات بھی مہنگی ہوئیں، اینٹی الرجی، اینٹی بائیوٹک اور انستھیزیا ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق موذی امراض سمیت سرجیکل آلات اور آپریشن کے آلات بھی مہنگے ہوئے، آئسوگیٹ انسولین کی قیمت 850 روپے سے بڑھ کر 1070 روپے ہوگئی۔

سٹی سکین کنٹراس کیلئے استعمال ہونے والا انجکشن بھی مارکیٹ سے نایاب ہوگیا، 3500 روپے میں ملنے والا یہ انجکشن 10ہزار روپے میں بلیک میں فروخت ہورہا ہے۔شوبرا سٹنٹ بھی 7 ہزار کی جگہ 35 ہزار تک فروخت ہونے لگا، محکمہ صحت کا کہناہے کہ کچھ ادویات ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باعث مہنگی ہوئی ہیں، ادویات کی زیادہ قیمتیں وصول کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کر رہے ہیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ادویات مہنگی ہونے کے علاوہ ملک میں ایک سال کے دوران مجموعی مہنگائی کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے۔ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں ایک سال کے دوران 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 12 فیصد سے بڑھ کر 36 فیصد سے زائد ہو چکی، جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح 14 فیصد سے بڑھ کر 45 فیصد سے زائد ہو چکی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں