ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں چاند رات اورعید الفطر کے لئے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 3500 سے زائد اسلام آباد پولیس کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے اہلکار شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر کے شاپنگ سینٹرز، مراکز اور مارکیٹوں میں موجود ہیں۔ شہری دوران خریداری محتاط رہیں، جیب کتروں سے ہوشیار رہیں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوراً پکار-15 رپورٹ کریں۔#ICTP #EidUlFitr pic.twitter.com/l4gEDRWc4P
— Islamabad Police (@ICT_Police) April 20, 2023
پلان کے مطابق شہر کے شاپنگ سینٹرز میں اضافی نفری لگائی گئی ہے، شہر کے بس اڈوں اور قبرستانوں پر بھی پولیس کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل مسجد میں خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے۔
پولیس کے ساتھ پاکستان رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اسلام آباد پولیس تمام تر ضروری اقداما ت بروئے کار لا رہی ہے، فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔