الیکشن میں میاں صاحب کا نعرہ ہو گا مجھے کیوں بلایا؟ بلاول کا نواز شریف پر طنز

چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے میاں صاحب کا نعرہ تھا، مجھے کیوں نکالا، اس الیکشن کے بعد ان کا نعرہ ہوگا مجھے کیوں بلایا؟۔ بلاول بھٹو نے عام انتخابات کیلئے لاڑکانہ سے این اے 194 پر بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔

اس موقع پر لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعوی کیا کہ پی پی کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی مقابلہ نہیں، ان کا مقابلہ معاشی بحران اور مہنگائی کے طوفان سے ہے۔ حکومت بنانے کا موقع ملا تو ملک کے نوجوانوں کو ریلیف دیں گے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہناتھا کہ سائفر کیس میں بہت بڑا سکیورٹی بریج ہوا، حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے، ججز صاحباں سائفر کے پیچھے کی کہانی جاننے کے لیے جوڈیشل انکوائری کرائیں۔

مزدوروں، کسانوں کو ان کا حق دلوانا چاہتے ہیں،صحت کی سہولتیں ہر شہری کے لیے مفت ہونی چاہئیں ملک کے عوام مہنگائی کے باعث مشکل میں ہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، عوام سے ان کا ساتھ مانگ رہا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی سیاستدان کے خلاف سیاسی انتقام کے حق میں نہیں ہوں، اب تک کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں بنا، غلطیوں سے سیکھ چکا ہوں، الیکشن میں حصہ لیں گے، عوام حکومت بنائیں گے، الیکشن میں سب کو دعوت ہے آئیں مقابلہ کریں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں