الیکشن 2024: بیلٹ پیپرز کی مزید چھپائی کی گنجائش ختم

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز کی مزید چھپائی کی گنجائش ختم ہو گئی۔

الیکشن کمیشن کا بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے متعلق صورتحال پرغور کے لیے ہنگامی اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکرٹری اور ڈی جی لا شریک ہوئے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ جن حلقوں پر حکم دے چکی ان کے بیلٹ پیپرز چھاپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم آج کے بعد کسی حلقے سے متعلق فیصلہ آیا تو اس حلقے میں الیکشن ملتوی کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز کی مزید چھپائی کی گنجائش ختم ہو گئی کیونکہ خصوصی فیچرز والا کاغذ ختم ہو گیا ہے جبکہ پرنٹنگ کارپوریشنز کی استعداد بھی پوری ہوچکی ہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات بروقت کرانے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرامن اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم وقت کی کمی کے باعث بیلٹ پیپرز کی مزید پرنٹنگ کی گنجائش نہیں۔ عدالتی فیصلوں کے باعث بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے متعلق پلان میں ردوبدل کرنا پڑا۔

سکندر سلطان راجہ ںے کہا کہ کئی حلقوں میں عدالتی فیصلوں کی روشنی میں بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی۔

انہوں نے کہا کہ سب کو برابر مواقع کی فراہمی کے لیے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں