بھارت کے وزیر خارجہ کی جانب سے بنگلہ دیش کی سابقہ وزیراعظم کی بھارت میں موجودگی کی تصدیق کردی گئی
امریکہ نے بنگلہ دیش کی سابقہ وزیراعظم شیخ حسینہ کا ویزہ منسوخ کردیا جب کہ برطانیہ نے انہیں سیاسی پناہ دینے سے معذرت کرلی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے سابقہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا ویزا منسوخ کردیا ہے، جس کے بعد شیخ حسینہ واجد بھارت میں مختصر قیام کے بعد برطانیہ جانا چاہتی تھیں تاہم برطانوی وزیر خارجہ کی جانب سے بنگلہ دیش میں تشدد آمیز واقعات کی تحقیقات کے مطالبے کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا کیوں کہ برطانوی حکومت نے بنگلہ دیش میں حالیہ بحران کی اقوام متحدہ کی سربراہی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ہنگامہ آرائی کی آزادانہ تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے اور بنگلہ دیش کے پرامن اور جمہوری مستقبل کی حمایت کے لیے برطانیہ کے عزم کا اظہار کیا ، ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے لوگ گزشتہ چند ہفتوں کے واقعات کی اقوام متحدہ کی زیر قیادت مکمل اور آزاد تحقیقات کے مستحق ہیں، برطانیہ بنگلہ دیش کے پرامن اور جمہوری مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی دیکھنا چاہتا ہے۔
ادھر بھارت کے وزیر خارجہ کی جانب سے شیخ حسینہ کی بھارت میں موجودگی کی تصدیق کردی گئی، ایس جے شنکر نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ بہت ہی مختصر نوٹس پر انہوں نے بھارت آنے کی منظوری کی درخواست دی، ہمیں بیک وقت بنگلہ دیشی حکام سے فلائٹ کلیئرنس کی درخواست موصول ہوئی جس کے منظوری کے بعد وہ کل شام دہلی پہنچی تھیں، ہماری سرحدی حفاظت کرنے والی فورسز کو بھی اس پیچیدہ صورتحال کے پیش نظر غیر معمولی طور پر چوکنا رہنے کی ہدایت دے دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سمجھ یہ ہے کہ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی قیادت کے ساتھ اجلاس کے بعد شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا، تاہم بھارت پڑوسی ملک ہونے کے ناطے بنگلہ دیش میں امن و امان کے بظاہر بحال ہونے تک گہری تشویش میں رہے گا۔