اپوزیشن میں بیٹھے کچھ لوگ جوتنقید کرتے ہیں ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تنقید برائے تنقید میری نظر میں ہارا ہوا مائنڈ سیٹ ہے، ان کا کام انتشار پھیلانا اور لڑائی جھگڑا ہے، اگرعوام کو تکلیف دی گئی تو سختی سے پیش آؤں گی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں بیٹھے کچھ لوگ جوتنقید کرتے ہیں ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں، تنقید برائے تنقید میری نظر میں ہارا ہوا مائنڈ سیٹ ہے،اگرعوام کو تکلیف دی گئی تو سختی سے پیش آؤں گی۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھے کچھ لوگ جوتنقید کرتے ہیں ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں، تنقید برائے تنقید میری نظر میں ہارا ہوا مائنڈ سیٹ ہے،ان کا کام انتشار پھیلانا، خدمت سے روکنا اور لڑائی جھگڑا ہے،راستے سڑکیں پبلک پرائیویٹ پراپرٹی کو نقصان پہنچا کر عوام کو تکلیف دی گئی، امن وامان کی صورتحال خراب کرنے یا املاک کو نقصان پہچانے پر سختی سے پیش آؤں گی، واٹس ایپ پر حکومت نہیں چلاوٴں گی وقت سے پہلے دفتر آکر کام کرتی ہوں، میں ان کے ساتھ بیٹھ کر کام کرتی ہوں۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلی تقریر میں عوام سے وعدوں کی تکمیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حلف کے بعد صرف 9 روز میں عوامی ریلیف کیلئے رمضان نگہبان پیکیج تیار کر لیا جس کے تحت 65 لاکھ خاندانوں کو پیکج ملے گا۔ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی گئی تو بہت سختی سے پیش آؤں گی، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ اپنی پہلی تقریر میں پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل شروع ہو گئی ہے۔نگہبان رمضان پیکیج کے لئے محمد نواز شریف نے مکمل رہنمائی کی۔نواز شریف کا ایجنڈا اور مشن عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ رمضان میں پنجاب کے عوام کو اب قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔

ہمارا مقصد غریب کا حق اسے تکلیف دیئے بغیر اس کی دہلیز پر پہنچانا ہے۔پنجاب کے تمام محکموں نے ٹاسک کے مکمل ہونے میں بھرپور ساتھ دیا۔تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مشکور ہوں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکیج سے پنجاب کے تین کروڑ سے زائد لوگ مستفید ہوں گے۔نگہبان رمضان پیکج کے تحت 90ہزار گھروں کو ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔

بی آئی ایس پی اور نادرا کے ڈیٹا کو کلب کر دیا ہے۔آنے والے دنوں میں پنجاب حکومت ساڑھے 12 کروڑ عوام کا ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔وقت کی کمی کی وجہ سے بلک میں خریداری کرنا پڑی۔ رمضان پیکیج کے ہیمپر میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایک ہیمپر میں 10 کلو آٹا، 2 کلو گھی، 2 کلو چینی، 2 کلو چاول اور 2 کلو بیسن ہے۔اعلیٰ کوالٹی کا گھی، آٹا، چینی، چاول اور بیسن اس ہیمپر میں شامل کیا گیا ہے۔

کوالٹی کنٹرول کے لئے سورس پر لوگوں کو بٹھایا۔ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو آٹے کی ملوں پر بٹھایا جہاں پیکنگ ہو رہی ہے وہاں وہ کوالٹی کا خیال رکھ رہے ہیں۔جو سیمپل منظور ہوئے صرف اس کی اجازت دی گئی۔غیر معیاری پراڈکٹ تیار کرنے والی چار ملوں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ ہیمپرز کو کھول کر چیک کریں۔

ڈیلیوری میکنزم میں پی آئی ٹی بی نے بہت مدد فراہم کی۔ڈیلیوری میکنزم مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہے۔پی آئی ٹی بی نے اس بارے میں ایک مخصوص ایپلی کیشن تیار کی ہے۔اس میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے۔یونین کونسل، محلوں کی سطح پر ڈیلیوری ٹیموں کو تقسیم کیا گیا ہے۔پی آئی ٹی بی کی ایپلی کیشن ڈیلیوری ٹیموں کے لئے ہے۔ڈیلیوری ٹیموں کو کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے پولیس کی سیکورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 65 ہزار تھیلے کیو آر کوڈ کے ساتھ فراہم کئے گئے ہیں۔ہیمپرز کی تقسیم کے حوالے سے تمام ڈیٹا لائیو اکٹھا کیا جا رہا ہے۔6.5 ملین ہیمپرز کی تقسیم کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ موجود ہوگا۔شفافیت اور معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔مانیٹرنگ ٹیمیں ہیمپرز کی تقسیم سے متعلق عوام سے بھی معلومات لیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ایم مریم نواز کے نام سے ہیلپ لائن 080002345 قائم کی گئی ہے۔

72 گھنٹے میں عوام کی شکایات کو حل کیا جائے گا۔عوام اس نمبر پر کال کر کے رمضان پیکیج سے متعلق شکایت یا فیڈ بیک دے سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔عوام کو ان بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیاء دستیاب ہوں گی۔پرائس کنٹرول پر پوری توجہ ہے۔اس وقت پنجاب حکومت کے پاس پرائس کنٹرول کا کوئی ڈیپارٹمنٹ نہیں ہے۔

پرائس کنٹرول کا مکمل نظام تیار کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 46 ہزار چھاپے مارے گئے، 4.2 ملین روپے کے جرمانے ہوئے، 133 ایف آئی آرز ہوئی ہیں اور 236 گرفتار ہوئے۔ پرائس کنٹرول سے متعلق زیرو ٹالرنس ہے۔ذخیرہ اندوزوں کو جرمانے بھی ہوں گے، گرفتاریاں بھی ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی گئی تو بہت سختی سے پیش آؤں گی، عوام کا نوالہ کسی اور کے منہ میں نہیں جانے نہیں دوں گی۔ ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ پنجاب میں موجود گوداموں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہئے۔ سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان صوبائی اسمبلی مریم اورنگزیب، عظمی بخاری، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز انڈسٹری، اطلاعات، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں