رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اگر میں نے منہ کھولا تو سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا، یہ سب کچھ شبلی فراز کی ایما پر ہو رہا ہے، یہ تمام فساد کی جڑ شبلی فراز ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ” نیوزلائن ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار ” کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ایک گروپ ہے جو مجھ سے خائف ہے، ہمارا کوئی زر،زمین کا جھگڑا نہیں، ذاتی اورانفرادی اختلافات تھےجس کو اس نہج پر لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ آج میں نے بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ، ان سے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی مجھ سے ڈیمانڈ کر لیتے تو میں استعفیٰ دے دیتا، لیکن مجھے کہا جاتا ہے کہ کورکمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔
کور کمیٹی کے درجنوں ممبران سے میری بات ہوئی جو کہہ رہےیہ مسئلہ کبھی ایجنڈے پر نہیں تھا، کورکمیٹی میں یہ مسئلہ کبھی نہیں آیا ہے، میں نے اس پارٹی کیلئے محنت کی ہے، میرا اتنا حق تو بنتا تھا کہ پارٹی یا بانی پی ٹی آئی کہہ دیتے آپ استعفیٰ دےدیں۔ اگر مجھ سے کہا جاتا تو میں خود استعفیٰ دے دیتا۔
انہوں نے کہا کہ میں الیکشن لڑنا ہی نہیں چاہتا تھا، بانی پی ٹی آئی نے الیکشن لڑنے پر مجبور کیا تھا، ان سے جیل میں جتنے لوگ مل رہے ہیں وہ میری وجہ سے مل رہے ہیں۔
مجھے بھی قانونی طور پر بانی پی ٹی آئی سے ملنے سے کوئی نہیں روک سکتا، میں بانی پی ٹی آئی سے ضرور ملوں گا، عنقریب میری ملاقات ہوگی، ان لوگوں کو چاہئے کہ سوچ سمجھ کر بیانات دیں۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ اگر میں نے منہ کھولا تو سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا، یہ سب کچھ شبلی فراز کی ایما پر ہو رہی ہے، یہ تمام فساد کی جڑ شبلی فراز ہیں۔