پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے سیاسی کارکن کی جگہ ٹک ٹاکر نے سنبھال لی ہے اور سیاسی کارکن پیچھے رہ گیا ہے، اب تمام بیورو کریسی، پولیس اور انتظامیہ کو علم ہونا چاہیئے کہ اگر کسی جیالے کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ہمارا گورنر موجود ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں اورورکرز سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مجھے آج بڑی خوشی ہو رہی ہے پاکستان پیپلز پارٹی کا گورنر منتخب ہوا ہے، ملک کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی جگہ واپس لے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بد قسمتی سے جو سیاسی کارکن کی جگہ تھی وہ ٹک ٹاکر نے سنبھال لی اور سیاسی کارکن پیچھے رہ گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں جتنی بھی بڑی تبدیلیاں آئی ہیں وہ سیاسی کارکن لائے ہیں، سردار سلیم حیدر سے کہوں گا ہم نے سیاسی ورکر کو عزت دینی ہے، ہم پورے پنجاب سے جیالوں کو پیغام دیتے ہیں آپ محنت کریں آپ بھی بڑے عہدے سنبھال سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب تمام بیورو کریسی، پولیس اور انتظامیہ کو یہ علم ہونا چاہیئے، اگر کسی جیالے کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ہمارا گورنر موجود ہے، پیپلز پارٹی کے کارکن ایک عوامی گورنر بن گئے اور اس صوبے کی عوام کی نمائندگی کریں گے، اگر اس صوبے کی عوام تکلیف میں ہوگی، چاہے کسان ہو یا وکلاء یا غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے ہوں، اس کے لیے عوامی گورنر موجود ہے۔