ملک کے بالائی شمالی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری 9 اکتوبر کو رات کے وقت شروع ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری سے ان علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور اس کے نتیجے میں کم درجہ حرارت کی توقع ہے۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالا کوٹ، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ اور مزید علاقوں میں بارش، تیز ہوائوں، برفباری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح بالائی اور وسطی حصوں (پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بنوں) میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
بالائی اور وسطی پنجاب بشمول راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔