ایران میں حجاب نہ پہننے پر دو معروف اداکاراؤں پر فرد جرم عائد سرِ عام حجاب اتارنے اور انٹرنیٹ پر تصاویر لگانے کے جرم کا الزام عائد کیا گیاہے

ایران میں 2 مشہور اداکاراؤں کو حجاب نہ پہننے پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دارالحکومت تہران میں پولیس نے کتایون ریاحی اورر پانتہ بہرام کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملہ عدلیہ کو بھیج دیا ہے۔

اس مقدمے میں اداکاراؤں پر سرِ عام حجاب اتارنے اور انٹرنیٹ پر تصاویر لگانے کے جرم کا الزام عائد کیا گیاہے۔

ان دونوں اداکاراؤں کے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر اس خبر پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان دونوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے کیونکہ مقدمہ چلائے جانے کی صورت میں ان دونوں کو جرمانے یا قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ایران کی پولیس نے کہا تھا کہ وہ لباس کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رہی ہے اور اس کے لیے عوامی مقامات پر اسمارٹ ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے 53 سالہ پانتہ بہرام کی تصاویر اس وقت وائرل ہوئی تھیں جب انہوں نے ایک فلم کی نمائش میں اسکارف کے بغیر تصویر بنوائی تھی۔

اسی طرح 61 سالہ کتایون ریاحی نے تہران کے قریب عوامی مقامات پر لی گئی اپنی متعدد تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں جن میں انہوں نے سر کو ڈھانپا ہوا نہیں تھا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں