ایلون مسک نے کہا ہے کہ اسپیس ایکس کا اسٹار لنک غزہ میں ”بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ امدادی تنظیموں“ کے ساتھ مواصلاتی روابط کی حمایت کرے گا۔
ہفتے کے روز غزہ کی پٹی میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی بندش نے لوگوں کو دنیا اور ایک دوسرے سے الگ تھلگ کر دیا ۔
اسرائیل کی جانب سے فضائی اور زمینی حملوں کو وسیع کرنے کے بعد شہریوں کا اپنے پیاروں، ایمبولینسوں یا ساتھیوں کو فون کرنا ناممکن ہوگیا۔
ایسے میں سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں ایلون مسک کی جانب سے اسٹار لنک کے غزہ میں مواصلاتی روابط کی حمایت کا اعلان حوصلہ افزا قرار دیا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے مسک نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ غزہ میں زمینی رابطوں کا اختیار کس کے پاس ہے ، لیکن ”کسی بھی ٹرمینل نے اس علاقے میں کنکشن کی درخواست نہیں کی ہے“۔
No terminals from Gaza have attempted to communicate with our constellation.
SpaceX will support communication links with internationally recognized aid organizations.
— Elon Musk (@elonmusk) October 28, 2023
واضح رہے کہ حماس کے زیر انتظام فلسطینی علاقہ غزہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی بمباری کی زد میں ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے ہفتے کے روز جاری ہونے والی روزانہ کی رپورٹ کے مطابق تین ہفتے قبل اسرائیل کی بمباری شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں اموات کی تعداد 7650 تک پہنچ گئی ہے جن میں ہزاروں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کی زمینی و فوجی کارروائیوں کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ہفتے کو بھی یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے شہروں میں ہزاروں مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی اور غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں فوری روکنے اور انسانی جانوں کو بچانے کا مطالبہ کیا۔