ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں اضافہ کر دیا گیا 4 روپے 89 پیسے کے اضافے سے فی کلو ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 233 روپے 88 پیسے مقرر کر دی گئی

  ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی بھی مزید مہنگی کر دی ہے اور ماہ مئی کیلئے نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 89 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور فی کلو ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 233 روپے 88 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مئی کیلئے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 57 روپے 70 پیسے مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد 11 اعشاریہ 8 کلو گرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2759 روپے 89 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب ملک میں مہنگائی کا 58 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ میں مہنگائی کی شرح 36 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔

اپریل میں مہنگائی کی شرح36.4 فیصد رہی جو1964 کے بعد مہنگائی کی بلند ترین ماہانہ شرح ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں مہنگائی میں 2.41 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اپریل مہنگائی کی اوسط شرح 28.23 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک سال میں سگریٹ 159.89 فیصد، چائے 108.76 فیصد اور آٹا 106.07 فیصد مہنگا ہوا۔ اس عرصے کے دوران گندم 103.52 فیصد اور انڈے 100 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے جبکہ چاول 87 فیصد اور دال مونگ 57 فیصد سے زائد مہنگی ہوئی۔

سالانہ بنیادوں پر دال ماش 56 فیصد سے زائد اور پیاز 52 فیصد تک مہنگی ہوئی، بیسن 51.17 فیصد اور مرغی 43 فیصد سے زائد مہنگی ہوئیں۔ جبکہ یہ واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے۔ ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 200 فیصد اضافے سے 35 فیصد جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح 46 فیصد سے زائد ہو چکی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں