بانی پی ٹی آئی کی سیاسی حقیقت تسلیم کیے بغیر استحکام نہیں آسکتا، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی ایک سیاسی حقیقت ہیں ، سابق چیئرمین تحریک انصاف کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انہوں نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق اپنے خلاف درج مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 40 سال سے سیاست کر رہا ہوں، میرے خلاف 39 سال تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا لیکن اب ایک سال میں درجنوں مقدمات ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو برا لگے یا اچھا لگے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں، سابق وزیر اعظم کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواب اکبر بگٹی کے ساتھ جو ہوا، ظلم تھا، اکبر بگٹی اینٹی پاکستان نہیں تھا، ایک دوسرے کو غدار، غدار کہنا بند ہونا چاہیے، 75 سالوں سے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی جمہوری سوچ رکھنے والے شخص ہیں، جمہوری اور آئینی سوچ رکھنے والا غدار نہیں ہوسکتا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں