اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اپریل 2023ء) بجلی اور گیس صارفین پر 1300 ارب روپے کا بوجھ، پیٹرولیم مصنوعات 148 روپے 85 پیسے مہنگی کر دی گئیں۔ ایک سال کے دوران گیس کے نرخوں میں 112 فی صد تک اضافہ کیا گیا، اور گیس صارفین پر 310 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا، ایک سال کے دوران بجلی اور گیس صارفین پر 1300 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق موجودہ حکومت کے ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات 148 روپے 85 پیسے تک فی لیٹر مہنگی کی گئی ہیں، جب کہ ایک سال میں بجلی 11 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ ایک سال کے دوران گیس کے نرخوں میں 112 فی صد تک اضافہ کیا گیا، اور گیس صارفین پر 310 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔
اتحادی حکومت نے بجلی صارفین پر بھی ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا، 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا اضافی سرچارج بھی عائد کیا گیا، اور صارفین نے سہ ماہی، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا بوجھ الگ سے برداشت کیا۔
ایک سال کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 122 روپے 17 پیسے کا اضافہ کیا گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل 148 روپے 85 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 54 روپے 73 پیسے کا اضافہ کیا گیا، اور لائٹ ڈیزل آئل 64 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔ وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران ٓٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک ہزار 544 روپے 72 پیسے مہنگا ہوا، چینی 36 روپے 45 پیسے فی کلو اور ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 342 روپے 57 پیسے مزید مہنگا ہوا۔
ایک سال میں چکن 111 روپے 7 پیسے، آلو 24 روپے 42 پیسے، پیاز 34 روپے 72 پیسے فی کلو جبکہ کیلے 110 روپے 24 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ اسی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں انڈے 128 روپے 71 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، تازہ دودھ 46 روپے 45 پیسے فی لٹر, دہی 57 روپے 6 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ایک سال میں مٹن 256 روپے 95 پیسے, بیف 108 روپے 23 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
پی ڈی ایم کی حکومت میں پاکستان کے مہنگے ترین ایک سال میں دال ماش 152 روپے 71 پیسے، دال چنا 83 روپے فی کلو دال مونگ 113 روپے 93 پیسے، دال مسور 60 روپے 84 پیسے فی کلومہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں لہسن کی قیمت 57 روپے 56 پیسے فی کلو بڑھی جبکہ اس عرصے میں 190 گرام چائے کا پیکٹ 252 روپے 66 پیسے مہنگا ہوا، نمک کا 800 گرام پیکٹ 17 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا جب کہ ایک سال میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر اوسطاً 691 روپے 8 پیسے مہنگا ہوا۔