بحرین سے قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی رویہ ترک کرنے کا مطالبہ

انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے غیرجانبدار ماہرین نے بحرین کی جیل میں قیدیوں سے انسان دوست اور باوقار سلوک یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جاؤ جیل میں قیدیوں کو ان کے انسانی حقوق سے محروم رکھے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اگر صورتحال میں بہتری نہ لائی گئی تو ان کی زندگی کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بحرین کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس جیل میں ہر قیدی کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کی ضمانت دیں۔

قیدیوں سے ظالمانہ سلوک

اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق، قیدیوں کی جانب سے بہتر ماحول کی فراہمی کا مطالبہ کیے جانے کے بعد مارچ 2024 سے انہیں ایسی عمارتوں میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں طبی نگہداشت تک رسائی نہیں ہوتی۔ یہی نہیں بلکہ انہیں حسب ضرورت خوراک اور پینے کا صاف پانی بھی نہیں دیا جاتا۔

ماہرین کے مطابق، سب سے زیادہ تشویش ناک الزام یہ ہے کہ حکام نے جیل میں ایئرکنڈیشنڈ بند کر دیے ہیں جس کے بعد ییہ قیدی 50 ڈگری سیلسیئس تک گرمی برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔

قیدیوں کی نقل و حرکت پر بہت سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور حال ہی میں ان کی اپنے اہلخانہ کے ساتھ بات چیت میں بھی مداخلت کی جاتی ہے جسے بند ہونا چاہیے۔

قیدیوں کے خاندانوں نے کئی مواقع پر یہ معاملہ ملک میں داخلی نگرانی کے اداروں کے روبرو اٹھایا ہے جن کی جانب سے یقین دہانیاں کرائے جانے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ جاؤ جیل کی یہ صورتحال دوران قید تشدد اور/یا دیگر ظالمانہ، غیرانسانی یا توہین آمیز سلوک کے مترادف ہے اور بعض قیدیوں کے لیے یہ حالات مہلک ثابت ہو سکتے ہیں

صحت کے خدشات

ماہرین نے بحرین کی حکومت سے کہا ہے کہ وہ تمام قیدیوں کی مناسب طبی نگہداشت تک رسائی، انہیں حسب ضرورت خوراک، پینے کے صاف پانی، صحت و صفائی و نکاسی آب کی سہولیات، ہوا کے گزر اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کا انتظام یقینی بنائے جو کہ شدید گرمی کے ہوتے ہوئے ضروری ہے۔

قیدیوں کی جانب سے اپنے جائز حق کے لیے شکایات کرنے پر ان کی سہولیات میں مزید کمی کر دینا مناسب اقدام نہیں ہے۔

اس سے قیدیوں کی صحت خراب ہو سکتی ہے اور پہلے ہی دمے اور گردے یا دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی حالت مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ قیدیوں کے ساتھ انسانیت پر مبنی سلوک ہونا چاہیے اور بحیثیت انسان ان کے وقار کا احترام ضروری ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ جاؤ جیل کے ہر حصے میں قیدیوں کو بلاتاخیر یہ سہولیات فراہم کرے اور اس ضمن میں قیدیوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ بامعنی بات چیت کرے

ماہرین نے ان مسائل پر بحرن کی حکومت سے براہ راست بات چیت بھی کی ہے۔

ماہرین و خصوصی اطلاع کار

غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں