برطانوی نجی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک نے کمرشل سطح پرمالی نقصان کے باعث پاکستان کیلئے فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اے آروائی نیو زکے مطابق برطانوی نجی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کیلئے فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے، مارچ سے لاہور اور جولائی سے اسلام آباد کیلئے فلائٹس بند کردی جائیں گی۔
ورجن اٹلانٹک نے اپنی کمرشل سطح پر نقصان کے باعث فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان دور میں دسمبر 2020 میں ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کیلئے آپریشن شروع کیا تھا۔نیوزایجنسی کے مطابق دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ایتھوپین فضائی کمپنی آئندہ ماہ ادیس ابابا سے کراچی کے لیے پروازیں شروع کرے گی۔
ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے اور صدر ثاقب رفیق و دیگر عہدے داران سے ملاقات میں کیا ایتھوپیا افریقی خطے کے لیے ایک گیٹ وے ہے پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے افریقی خطے کی 1.4ارب افراد کی بڑی مارکیٹ کے ساتھ اپنی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔
اس موقع پر صدر ثاقب رفیق نے سفیر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان غیر روایتی شعبوں جیسے فارما سوٹیکل، پولٹری، آئی ٹی سروسز اور دوسرے سیکٹرز کی ترقی کے لیے افریقی ملک ایتھوپیا کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائی اور ریگولیٹری کمپلائینس میں آسانی لائی جائے تاکہ پاکستانی صنعتکار فائدہ اٹھا سکیں۔
تاجروں کے اجلاس سے خطاب میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر نے کہا کہ ایتھوپیا فارسوٹیکلز، ٹیکسٹائلز اور تعمیراتی سامان سمیت دیگر مصنوعات باہر سے درآمد کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی ایئرلائن اس سال 22 مارچ سے ادیس ابابا سے کراچی کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور کاروباری روابط کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں دوسرے شہروں اسلام آباد اور لاہور کے ساتھ بھی پروازیں شروع کی جائیں گی، انہوں نے چیمبر ممبران کو دعوت دی کہ وہ مارچ میں دورہ ایتھوپیا کہ موقع پر تجارتی وفد کا حصہ بنیں اور اعلی سطح پر ملاقاتو ں کا حصہ بنیں جہاں ایتھوپیا کے وزیر اعظم بھی موجود ہوں گے۔