پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر بشریٰ بی بی کو گھر میں رکھا گیا ہے تو ہم اس کی مذمت نہیں کرتے، خواتین کو گھروں پر رکھنے کی ایسی روایت پڑتی ہے تو اچھی بات ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ” فیصلہ آپ کا عاصمہ شیرازی کیساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ ہم کسی کو سزادینے کے عمل کو سراہتے نہیں ہیں ، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا دی گئی جو درست نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا میں مکافات عمل ضرور ہے ، عمران خان کی سزا میں بڑا کردار وکلا کی نااہلی ہے، وہ انہی ججز کی تعریفیں کیا کرتے تھے۔
بشریٰ بی بی کی سزا سے ہمیں کوئی خوشی نہیں ہے ، فریال تالپور اور مریم نواز بھی جیلوں میں رہی ہیں ، ن لیگ کی حکومت میں بھی سب سے زیادہ کیسز پیپلز پارٹی پر تھے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کیس کو ڈیفنڈ ہی نہیں کر رہے تھے ، اگر بشریٰ بی بی کو گھر میں رکھا گیا ہے تو ہم اس کی مذمت نہیں کرتے، خواتین کو گھروں پر رکھنے کی ایسی روایت پڑتی ہے تو اچھی بات ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ 9مئی کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کو سزا ملنی چاہیے ، آج بین الاقوامی سطح پر ہمارے سفیروں پر اعتماد کرنے کو کوئی تیار نہیں ہے۔