ملک میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سے منسوب اداروں کے نام بھی تبدیل کیے جائیں. درخواست میں استدعا
بنگلہ دیش کی ہائی کورٹ میں ایک وکیل نے کوٹہ مخالف تحریک کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور پابندی لگانے کی پٹیشن دائر کر دی ہے. ہائی کورٹ میں یہ پٹیشن سردا سوسائٹی نامی انسانی حقوق کی تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عارف الرحمان مراد نے دائر کی ہے پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ ملک میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سے منسوب اداروں کے نام بھی تبدیل کیے جائیں.
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عارف الرحمان مراد نے بتایا کہ متعدد ویڈیوز اور ثبوتوں سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مظاہرین پر فائرنگ کے باقاعدہ احکامات جاری کیے گئے تھے ہم نے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے وہ پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کریں اور پابندی عائد کریں کیونکہ عوامی لیگ کی حکومت نے قتل و غارت گری کا حکم دیا تھا. خیال رہے بنگلہ دیش میں ہفتوں تک جاری رہنے والے پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں شیخ حسینہ نے 5 اگست کو بطور وزیراعظم استعفیٰ دے دیا تھا اور انڈیا چلی گئی تھیں عارف الرحمان مراد نے اپنی پٹیشن میں یہ بھی کہا ہے کہ موجودہ عبوری حکومت کو ملک میں اصلاحات لانے کے لیے کم از کم تین برس کی مہلت دی جائے.
انہوں نے بتایا کہ اس پٹیشن پر شاید کل ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی دوسری جانب بنگلہ دیش کی وزارت برائے لوکل گورنمنٹ نے دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے 12 اہم شہروں میں موجود بلدیاتی اداروں کے میئرز کو ان کے منصب سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں. نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی ڈھاکہ، شمالی ڈھاکہ، چٹا گانگ، کھلنا، راجشاہی، سلہٹ، بریشال، نارائن گنج، کمیلا، رنگپور، غازی پوری میمن سنگھ مِیں بلدیاتی اداروں کے میئرز کو ان کے منصب سے ہٹا دیا گیا ہے ان میئرز کی جگہ پر حکومت نے 12 نئے منتظمین مقرر کر دیے ہیں.