تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے،پرویزالٰہی میں نے مشکل وقت میں آج تک کسی کا ساتھ نہیں چھوڑا، میں عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں،عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے۔ میں نے مشکل وقت میں آج تک کسی کا ساتھ نہیں چھوڑا، میں عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں۔ راولپنڈی کی عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہیں۔

ن لیگ کے خالی اجتماع اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے۔ لاڈلوں میں عوام کا سامنا کرنے کی جرات نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں خوف و ہراس پھیلا کر کسے خوش کیا جا رہا ہے؟ ہم سیاسی مقابلے کیلئے تیار ہیں ۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ ہمیں آزادانہ الیکشن مہم چلانے نہیں دی جا رہی۔

ہمارے امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ 8 فروری کو پی ٹی آئی کے نامزد افراد ہی اللہ تعالیٰن کے فضل سے کامیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءپرویز الٰہی کوعدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا جہاں آج کل وہ اڈیالہ جیل میں اسیری کی زندگی گزار رہے ہیں۔

دریں اثناءالیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کا نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیدیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔ الیکشن ٹربیونل کے جج چوہدری عبدالعزیز نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے بعد میں سنا دیا گیا تھا۔ الیکشن ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا تھا کہ اثاثہ جات چھپانے، اہلیہ کے غیرملکی دورے ظاہر نہ کرنے کا اعتراض ثابت ہوا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں