استنبول ترکیہ صدارتی انتخاب میں 68 فیصد نتائج مکمل ہو گئے۔ صدر اردوان کو واضح برتری حاصل ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ آج ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہی۔ اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان 54.78 فیصد ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 45.22 فیصد ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔
صدارتی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 85 فیصد سے زائد رہا۔ خیال رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا اور انتخابی عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔
ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔