صوبہ سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں سردیوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 22 سے 31 دسمبر تک تعطیلات ہوں گی، موسم سرما کی تعطیلات کا اطلاق سندھ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا، محکمے کی سالانہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت تعطیلات کی جارہی ہیں، کراچی سمیت سندھ بھرمیں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں موسم سرما کی سکول تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، پنجاب کے 24 اضلاع میں 23 دسمبر سے 6 جنوری تک چھٹیاں ہوں گی جب کہ دیگر اضلاع میں 3 جنوری سے 13 جنوری تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ 23 دسمبر سے 6 جنوری تک چھٹیوں والے اضلاع میں سرگودھا، قصور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ساہیوال، گجرات، پاکپتن، گوجرانوالہ شیخوپورہ، اوکاڑہ، وہاڑی، خانیوال، لاہور، خوشاب، حافظ آباد، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، منڈی بہاؤالدین، لودھراں، نکانہ صاحب اور جھنگ شامل ہیں جب کہ 12 اضلاع میں 3 جنوری سے 13 جنوری تک چھٹیاں ہوں گی، ان اضلاع میں راجن پور، لیہ، جہلم ، میانوالی، اٹک، مظفر گڑھ، چکوال، بھکر، راولپنڈی، رحیم یارخان، ڈی جی خان اورچنیوٹ شامل ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں موسم سرما میں معمول یا معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، ملک کے مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش متوقع ہے، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، بالائی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے قدرے زیادہ بارش ہوگی، جنوب مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخواہ میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے، رواں مہینے شمال مغربی خیبرپختونخواہ میں معمول سے قدرے زیدہ بارشیں ہوں گی جبکہ اونچے پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔