سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین پاکستانی سیاست کے میدان میں ایک بار پھر سر گرم ہو گئے ہیں ،۔ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی دوست سمجھے جانے والے جہانگیر ترین نے قومی سطح پر نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔نئی سیاسی پارٹی کے جہانگیر ترین خود پیٹرن انچیف ہوں گے۔
ایک ہفتے میں جہانگیر ترین سے 20 سے زائد اہم سیاسی شخصیات کی ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی پارٹی میں ترین گروپ کے علاوہ پی ٹی آئی کے کئی ناراض رہنماؤں کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔جہانگیر ترین کی نئی پارٹی میں ڈی جی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، وہاڑی، لودھراں اور ملتان کے سیاسی خاندانوں کی شمولیت کا بھی امکان ہے
نئی سیاسی پارٹی میں شمولیت کے لیے اندرونِ سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے بھی اہم رہنماؤں کے جہانگیر ترین سے رابطے جاری ہیں۔خیال رہے کہ 9مئی کے واقعات کے رد عمل میں تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والے پارٹی رہنمائوں کی اکثریت نے آئندہ کی سیاست کیلئے دوسر ی جماعتوں میں جانے کیلئے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ، پی ٹی آئی کو چھوڑنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) میں جانے کیلئے مشاورت کر رہے ہیں جبکہ کچھ سنجیدہ رہنما ممکنہ طور پر جہانگیر خان ترین اور عبد العلیم خان کے متحرک ہونے کی اطلاعات پر دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والے رہنمائوں میں سے اکثریت دوبارہ سیاست کرنے کے خواہشمند ہیں اور وہ کوئی وقت ضائع کئے بغیر اپنی اگلی سیاسی منزل کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلہ میں اپنے حلقوں کے اکابرین سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔