حکومت نے عوام پر بجلی گرادی، راتوں رات بنیادی ٹیرف میں بڑا اضافہ کابینہ نے بنیادی ٹیرف بڑھانے کیلئے سرکولیشن سمری منظور کرلی

حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام پر بجلی گرا دی ، رہائشی بجلی صارفین کی مختلف کیٹیگریز کے لیے بنیادی ٹیرف تین سے ساڑھے سات روپے فی یونٹ تک بڑھا دیا۔ کابینہ نے بنیادی ٹیرف بڑھانے کیلئے سرکولیشن سمری منظور کرلی۔

مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی۔ شہری اب بجلی کے بھاری بھرکم بل آنے کا ذہن بنالیں کیونکہ حکومت نے راتوں رات بجلی کے بنیادی ٹیرف میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔

حکومت نے بجلی 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، بجلی کا بنیادی ٹیرف 3 سے ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک بڑھا دیا۔

کابینہ نے بھی بنیادی ٹیرف بڑھانے کیلئے سرکولیشن سمری منظور کرلی۔

ذرائع کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز ہے۔

یاد رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) رواں مالی سال کیلئے بجلی کا ٹیرف بڑھانے کی منظوری دے چکی ہے۔

وفاقی حکومت نے نیپرا سے مختلف کیٹیگریز کے صارفین کو سبسڈی کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے بجلی کی بنیادی قیمت بڑھانے کیلئے منظوری طلب کی تھی۔

ذرائع کے مطابق نیپرا اب وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے بعد حتمی فیصلہ دے گی، حکومت نیپرا کے فیصلے کے بعد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا کو ایک جیسے ٹیرف کی سفارشات کے لیے جمع کرائی گئی تحریک میں ایکس ڈبلیو ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے لیے 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے رہائشی صارفین کے لیے 7 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی۔

لائف لائن صارفین اور 200 یونٹ ماہانہ تک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ایک سے 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ٹیرف میں 3 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے جس سے فی یونٹ موجودہ قیمت 13.48 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 16.48 روپے فی یونٹ ہو جائے گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں