وفاقی حکومت نے لاپتہ ہونے والے افراد کے ہر خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کابینہ نے لاپتہ افراد کے خاندانوں کیلئے 50 لاکھ روپے فی کس امدادی پیکج کی منظوری دی ۔ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے ، اسی سوچ کے تحت متاثرہ افراد کو ریلیف دی جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کے بعد دہشت گردی نے پاکستان کو لپیٹ میں لیا ،دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو کئی طرح کے اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر کمیشن 13 سال سے کام کر رہا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت میں وزیراعظم نے تمام جماعتوں پر مشتمل کمیٹی قائم کی۔ نگران حکومت میں لاپتہ افراد سے متعلق کمیٹی دوبارہ تشکیل دی گئی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ خفیہ اور ریاستی اداروں سے مشاورت کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی ۔لاپتہ افراد پر2کمیٹیوں کی رپورٹ آج کابینہ میں پیش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے بارے میں کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کی آج کابینہ نے توثیق کی اور کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی آج کابینہ نے منظوری دی ۔