دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صرف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے، وزیرداخلہ

بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے؛ محسن نقوی کی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہےاس جنگ میں صرف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے‘، یہ بات انہوں نے اتوار کو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی بھی موجود تھے، ملاقات میں کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے مجموعی طور پر کئے گئےاقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن و امان یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں جنہیں عوام کے تعاون سے شکست فاش دیں گے۔ واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے، جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکہ ہو گیا، دھماکہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا، دھماکے میں آٹھ سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں