دودھ میں نشہ آور دوا ملا کر پوری فیملی کو بے ہوش کرکے لڑکی کی نازیبا ویڈیوز بنا لی
صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں رشتہ دینے سے انکار پر گوالے نے سنگین حرکت کرتے ہوئے دودھ میں نشہ آور دوا ملا کر پوری فیملی کو بے ہوش کرنے کے بعد لڑکی کی نازیبا ویڈیوز بنا لیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سیف سیٹیز کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کیا جہاں لڑکی کے والد نے بتایا کہ گوالے نے پہلے بیٹی کا رشتہ مانگا لیکن رشتے سے انکار پر دودھ میں نشہ آور دوا ملا کر پوری فیملی کو بے ہوش کیا اور بے ہوشی کی حالت میں بیٹی کی نازیبا ویڈیوز بنائیں، جس کے بعد سے گوالہ نازیبا ویڈیوز کی بنیاد پر بیٹی کو بلیک میل کررہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس کو موقع پر روانہ کیا، جس کے بعد جھنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، پولیس نے ملزم کے موبائل سے تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کروا کر موبائل اپنی تحویل میں لے لیا، اس قسم کی کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں خواتین 15 پر کال کرکے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کرسکتی ہیں۔
ادھر پاکپتن میں 17 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا ارتکاب کرنے والے 02 نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ترجمان نے بتایا کہ پاکپتن پولیس نے ڈی پی او کے نوٹس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا، ملزم ابرار نے لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی جبکہ اس دوران ملزم اظہر پہرہ دیتا رہا، ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی کیوں کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور خواتین و بچوں کے ساتھ زیادتی و تشدد جیسے واقعات پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔