روپے کی قدر میں بہتری کے سلسلے کو بریک لگ گئی، ڈالر مہنگا ہو گیا، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں منگل کے روز روپے کی قدر کم ہو گئی، طلب میں اضافہ امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافے کی وجہ قرار۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کرنسی مارکیٹ میں کئی ہفتوں سے جاری روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلے کو نئے سال کے آغاز پر بریک لگ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سال کے دوسرے کاروباری روز ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ دیکھنے میں آیا۔ منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 46 پیسے کی کمی سے 281 روپے 40 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری آتے ہی کثیرالقومی کمپنیوں کی خریداری سرگرمیوں اور مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 3 پیسے کے اضافے سے 281 روپے 89 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی عمرہ زائرین اور تعلیمی ضروریات کے لیے ڈیمانڈ میں قدرے اضافے سے ڈالر کی قدر 4 پیسے بڑھ کر 282 روپے 53 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ دوسری جانب صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔ ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 600 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار 300 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار372 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 729 روپے ہوچکی ہے۔