اوگرا کی جانب سے نومبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا
سردیوں کی آمد پر عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور “تحفہ”، اوگرا کی جانب سے نومبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے ستائی عوام کے لیے ایک اور بری خبر،اوگرا نے نومبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،قیمت 12.93 ڈالر سے بڑھا کر 13.26ڈالرز مقرر کردی گئی ۔
اوگرا کے مطابق ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔ایس ایس جی سی نے آر ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت میں عشاریہ 3 چار ڈالر اضافہ کیا ہے ۔ ایس ایس جی سی نے نومبر کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 12.46ڈالر سے بڑھا کر 12.80ڈالر کردی۔اوگرا کے مطابق ایس این جی پی ایل کی قیمت میں فی ایم ایم بی ٹی یو عشاریہ 3 دو ڈالر اضافہ کیاگیا ہے آر ایل این جی کی قیمت میں اضافہ بین القوامی مارکیٹ میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے
دوسری جانب 16 نومبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیلئے ورکنگ مکمل کر لی گئی۔ آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات 6 روپے فی لیٹر تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔16 نومبر سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت اڑھائی روپے تک بڑھ سکتی ہے اور ایک مرتبہ پھر سے قیمت 250 روپے کی سطح عبورہونے کا امکان ہے، آنے والے 15 روز کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 91 پیسے تک اور مٹی کا تیل 5 روپے 54 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
16 نومبر سے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 5 روپے 90 پیسے اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے آئل کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ اوگرا کو بھجوا دی ہے جبکہ اوگرا ورکنگ حکومت کو 15 نومبر کو بھجوائے گا۔ یاد رہے کہ یکم نومبر کو پیٹرول ایک روپے 35 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔اس وقت ملک میں پیٹرول کی قیمت 248 روپے 38 پیسے، ڈیزل 255 روپے 14پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت161 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہے۔