سرکاری ہاؤسنگ سکیم، وزیراعلیٰ پنجاب کا گھر کی لاگت میں کمی لانے کا حکم کم آمدن والوں کیلئے گھر کی قسط ممکنہ حد تک کم کرنے کی ہدایت، چاہتی ہوں پنجاب میں کوئی بے گھر نہ ہو،ہر شہری کے پاس اپنی چھت ہو۔ اجلاس میں مریم نواز کی گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ہاؤسنگ سکیم کے تحت گھر کی لاگت میں کمی لانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ایک لاکھ گھر پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری ہاؤسنگ نےکم آمدن والے لوگوں کے لئے سکیم سے متعلق امور سے آگا ہ کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے گھر کی لاگت میں کمی کے لیے اقدامات کا حکم دیا، مریم نواز شریف کی جانب سے کم آمدن والے لوگوں کے لیے گھر کی قسط ممکنہ حد تک کم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشان دہی کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں پنجاب میں کوئی بے گھر نہ ہو،ہر شہری کے پاس اپنی چھت ہو کیوں کہ عوام کے لیے سستے گھروں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیراطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، ایس ایم بی آر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری فنانس، کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے ٹی اے، پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے جامع پلان طلب کیا ہے، 6ہفتوں میں ماڈل گھر تیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہے، منصوبے کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں کم آمدن لوگوں کیلئے 3 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاوٴن پے منٹ اور ماہانہ قسط کم سے کم رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کم آمدن والے بے گھر افراد کو بنے بنائے گھر دیئے جائیں گے، غریب کیلئے چھت مہیا کرنا ہمارے منشورکا حصہ ہے اور ہم اس وعدے کو ضرور پورا کریں گے، بنے بنائے گھروں کی تعمیر میں تعمیراتی معیار اور پائیداری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، کم آمدنی والے لوگوں کیلئے گھر شہروں کے قریب ہوں تاکہ آمدورفت میں آسانی ہو۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں