اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ مل کر عالمی معاشی انقلاب لاسکتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ عالمی معاشی انقلاب میں کویت، قطر، امارات اور ترکیہ کے علاوہ چین ہمارے ساتھ شامل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی انقلاب انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے سیکٹر پر توجہ دینے سے لایا جاسکتا ہے۔ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں بہت کام کیا اور 8 سالوں میں ملک کا نقشہ ہی بدل دیا ہے۔
سعودی ولی عہد کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ محمد بن سلمان کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے اچھی پیشرفت ہوئی اور سعودی عرب نے بہت ترقی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے فوری بعد سعودی وزیر خارجہ نے اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا اور ہم نے سرمایہ کاری کے حوالے سے کانفرنسز کیں جو بہت فائدہ مند اور نتیجہ خیز ثابت ہوئیں۔