کراچی سونے کی قیمتوں کو ریورس گئیر لگ گیا، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ غیر قانونی ذخیر اندوزی کیخلاف آپریشن کو قرار دیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے۔ 24 قیراط سونا 2 لاکھ 11 ہزار روپے پر مارکیٹ میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 22 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 93 ہزار 4 سو 17 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب امریکی ڈالر 6 ہفتے کی کم ترین سطح پر آگیا اور انٹر بینک میں ڈالر 90 پیسے سستا ہوکر 290 روپے 86 پیسے پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی کریک ڈاؤن کے اثرات کرنسی مارکیٹ پر نمایاں نظر آرہے ہیں، ہفتے کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام برقرار ہے۔
حکومتی مشینریز کا کرنسی ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاون آج بھی جاری رہا، انٹر بینک میں امریکی ڈالر 90 پیسے سستا ہو کر 290 روپے 86 پیسے پر بند ہوا۔
بینکوں کی جانب سے درآمد کنندگان کو ڈالر 291 روپے 26 پیسے پر فروخت کیا گیا ، فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر پچاس پیسے سستا ہو کردوسوتیرانوے روپے پر روپے پربند ہوا۔ خیال رہے کہ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ملا جلا دن رہا اور 100 انڈیکس27 پوائنٹس کم ہو کر 46 ہزار 393 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100انڈیکس 284 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، 100 انڈیکس کی آج بلند ترین سطح 46 ہزار 590 رہی۔ بازار میں 19 کروڑ 56 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کےکاروبار کی مالیت 5.53 ارب روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 17 ارب روپے بڑھ کر 6 ہزار 891 ارب روپے رہی۔