سٹیٹ بینک نے عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے ”کیو آر“کوڈ متعارف کرانے کا عندیہ دیدیا، کیو آر کوڈ کا استعمال پیسوں کی ادائیگی کے عمل میں اہم تبدیلی لائے گا،کیو آر ادائیگی کے طریقہ کار نے چھوٹے تاجروں کیلئے آن لائن ادائیگیاں قبول کرنے کو بھی ممکن بنایا ہے، جس سے معیشت میں نقد رقم پر انحصار کم ہو گیا ہے۔
”موبائل کامرس 2024“ کے عنوان سے 17ویں کانفرنس میںسٹیٹ بینک کے ڈپٹی ڈائریکٹر احمد سمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیو آر کوڈ سسٹم کل 15 شہروں میں فعال کیا جائے گا جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور حیدرآباد شامل ہیں، جہاں موجود اسٹیٹ بینک کے دفاتر موجود ہیں۔”راست“ فوری ادائیگی کے تحت ”کیو آر“ (QR) کوڈ متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔
فی الحال ہم 25 بینکوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اس کیلئے 50 بڑی مویشی منڈیوں کا انتخاب کیا ہے تاکہ وہاں کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کے طریقہ کار کو فعال کیا جا سکے اور عوام کو ادائیگیوں کیلئے سہولت فراہم کی جا سکے۔ آن لائن ادائیگیاں فوری طور پر حاصل کرنے کیلئے تاجر اب آسانی سے کیو آر کوڈ نصب کر سکتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیٹ بینک کا مزیدکہنا تھا کہ یہ اقدام لوگوں اور تاجروں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے محفوظ طریقے سے لین دین کرنے میں مدد کرنے کیلئے اٹھایا جا رہا ہے، اس کے علاوہ بینکوں کو سالانہ مذہبی تہوار کے موقع پر ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے 550 سے 600 بلین روپے سے زیادہ کے مویشیوں کی خریداری کو ممکنہ طور پر استعمال کرنے میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
کاروبار میں پوائنٹ آف سیل (POS) مشینوں کی تنصیب سے منسلک اخراجات کی اپنی رکاوٹیں ہیں۔