ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ گزشتہ سال آنےوالے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو و بحالی کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں تخفیف غربت ، موسمیاتی موزونیت اور خدمات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ میں ایشیائی ترقیاتی بینک اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کووڈ۔19، گزشتہ سال آنے والی بد ترین سیلاب اور بیرونی جھٹکے پاکستان کی معیشت کےلئے اہم مسائل ہیں تاہم بینک کنٹری پارٹنر شپ سٹریٹیجی (2021-25) کے تحت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی بینک کی سرگرمیاں ،پاکستان کی معاشی اور ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہوتی ہیں۔
بینک اقتصادی و انتظامی ، انتظام و انصرام ، ماحولیاتی وموسمیاتی موزونیت ، مسابقت میں اضافہ اور نجی شعبے کی ترقی میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔