نئی دہلی بھارت جانے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر کو فلم میں کام کرنے پر انتہا پسند ہندو تنظیم کی جانب سے باقاعدہ دھمکی دے دی گئی ہے۔
بھارت کے مؤقر انگریزی اخبار بزنس ٹو ڈے کے مطابق دھمکی انتہا پسند ہندو تنظیم مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم ایس این) کی جانب سے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق راج ٹھاکرے کی پارٹی مہاراشٹر نونرمان سینا کے جنرل سیکریٹری امییہ کھوپکر نے سیما حیدر کو فلم میں کاسٹ کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈرامہ بند ہونا چاہیے اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہمارے سخت ردعمل کیلئے ذہنی طور پر تیار رہو۔
واضح رہے کہ سیما حیدر اور سچن مینا کو ہدایتکار امیت جانی کی جانب سے فلم ’کراچی ٹو نوئیڈا‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ فلم کے لیے ان کا آڈیشن بھی ہوا تھا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا ہم اپنے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی شہری کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، سیما حیدر ایک پاکستانی خاتون ہیں جو اس وقت بھارت میں مقیم ہیں۔
امیہ کھوپکر نے کہا کہ ہماری انڈسٹری کے کچھ نئے لوگ شہرت کے لیے سیما حیدر کو اداکارہ بنا رہے ہیں۔ انہوں ںے استفسار کیا کہ غدار پروڈیوسرز کو شرم کیوں نہیں آتی؟
امیہ کھوپکر نے دھمکی آمیز انداز میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کو وارننگ دے رہا ہوں کہ اس تماشے کو فوراً بند کرو۔