( بونیری) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے طلبہ کو ملک کا مستقبل قرار دیا اور اپنی کرسی کی جانب اشارہ کرتے کہا کہ انشا اللہ! کل آپ اس کرسی پر بیٹھیں گے۔ انہوں نے یہ بات کہتے ہوئے جب ایک طالبعلم کو واقعتاً اپنی کرسی پہ بٹھایا تو فرط جذبات سے اس کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گورنر ہاؤس پشاور میں طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں شریک یونیورسٹی آف بونیر کے ایک ایسے طالبعلم رحمان علی کو وزیراعظم نے اپنی کرسی پہ بٹھایا جس کے والد محنت کش ہیں اور کراچی کے ایک ہوٹل پر کام کرتے ہیں۔
رحمان علی یونیورسٹی آف بونیر میں شعبہ فزکس کے چھٹے سمسٹر کے طالب علم ہیں اور بونیر کی تحصیل مندنڑ کے ایک چھوٹے گاؤں کٹاکوٹ کے قریب واقع ایک کچے مکان میں رہتے ہیں۔
ہر سمسٹر میں فرسٹ پوزیشن لینے والے طالب علم رحمان علی نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی موجودگی میں اپنی تقریر کے دوران کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت دیا جانے والا لیپ ٹاپ طلبہ کے لیے ایک خزانہ ہے۔
انھوں نے میاں شہباز شریف کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح یوتھ پروگرام لے کر آئیں تو یہ ہونہار طلبہ آپ کے ویژن پر پورا اتریں گے، طلبہ ملک کا مستقبل ہیں، کل انشا اللہ آپ کی کرسی پر یہی طلبہ بیٹھیں گے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے رحمان علی کو ان کی تقریر کے اختتام پر گلے سے لگایا، شاباش دی اور اپنی کرسی پہ بٹھا کر عزت افزائی بھی کی۔ وزیراعظم کے کہنے پر موجود طلبہ نے تالیاں بجا کر داد دی۔
یونیورسٹی آف بونیر کے طالبعلم رحمان علی نے اس موقع پر میاں شہباز شریف سے کہا کہ وہ ایک محنت کش مزدور کے بیٹے ہیں اور یہ لیپ ٹاپ انہیں میرٹ پر ملا ہے۔
وزیر اعظم نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کے بیٹے نے اتنی محنت سے پڑھائی کی اور اے گریڈ لیا جس پر وہ قابل ستائش ہیں۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ طالب علم نے مجھ سے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی کرسی پر بھی میرٹ پر بندہ ہونا چاہیے تو میں اس کے ساتھ بھر پور اتفاق کرتا ہوں بلکہ آپ سب میرے ساتھ اس کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔ اس پر شرکا نے دوسری مرتبہ بھی نہایت پرجوش انداز میں تالیاں بجائیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں صوبہ خیبرپختونخوا کی مختلف یونیورسٹیز کے 150 باصلاحیت طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔