عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں برطانوی خام تیل کی قیمت 74 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 70 ڈالرز کی سطح تک آ گئی

 عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں، برطانوی خام تیل کی قیمت 74 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 70 ڈالرز کی سطح تک آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت میں 1.36 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 74 ڈالرز تک آ گئی۔

جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت بھی کم ہو کر 70.30 ڈالرز کی سطح تک آ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مارچ کے بعد یہ امریکی خام تیل کی قیمت میں سب سے بڑی کمی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شرح سود میں اضافے کے خدشات اور چین میں پیداواری صلاحیت پر اثرات کے باعث تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

امریکی فیڈرل ریزرو کی طرف سے شرح سود میں ممکنہ اضافے اور چین میں پیداواری صلاحیت سے اقتصادی اثرات پر تشویش کے باعث اوپیک پلس کی سپلائی میں رواں ماہ سے لاگو ہونے والی نئی کٹوتیوں کی وجہ سے تیل کی قیمت میں کمی آئی ہے۔

امریکا میں 25 بیسس پوائنٹس کے ساتھ شرح سود میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ڈالر میں کئی کرنسیوں کے مقابلے اضافہ ہوا جس کی وجہ سے دیگر کرنسی والے ممالک کے لیے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں ایک سال قبل تیل کی فی بیرل قیمت 130 ڈالرز کی سطح کو بھی چھو گئی تھی، جو اب کم ہو کر 80 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ چکی۔ تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کی کرنسی کی قدر گزشتہ ایک سال میں کم ہوئی، اسی باعث ان ممالک کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی خاص فائدہ نہ ہو سکا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں