عوام کا کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن پر حملہ، متعدد علاقوں میں ٹریفک جام

شیرشاہ، صدر اور دوسرے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران شہریوں کیلئے مشکلات

کراچی میں پارکنگ پلازہ کے قریب عوام نے کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن پر حملہ کر دیا۔ لائنز ایریا کے مکینوں نے کوریڈور تھری پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کردی۔

بجلی پانی نہ ہونے پر کراچی کے شہری بلبلا اُٹھے، شاہراہ قائدین انڈر بائی پاس آنے جانے والے دونوں ٹریک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ کم و بیش دو گھنٹوں کے بعد احتجاج ختم ہونے پر سڑکیں کھول دی گئیں تاہم غیر معمولی ٹریفک جام کے باعث لاکھوں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شیرشاہ کے علاقے میں پراچہ چوک پر مکینوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے شیرشاہ پراچہ چوک سے سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی۔ شیرشاہ فلائی اوور کو بھی بند کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی علاقہ ہونے کے باوجود طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ مسافروں کو متبادل راستہ فراہم کیا جارہا ہے۔ بعد میں احتجاج ختم کردیا گیا۔

دوسری طرف کے الیکٹرک نے بتایا ہے کہ لائنز ایریا، جیکب لائن، مدینہ روڈ، 75 کوارٹرز میں بھی نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی ہے۔ واجبات 45 کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ کے الیکٹرک نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔

مشتعل عوام نے خداداد کالونی سگنل سے نمائش چورنگی تک سڑک بند کر دی، لائنز ایریا کے مکین بھی بجلی کی بندش پر سڑکوں پر نکل آئے، کوریڈور تھری سے صدر آنے اور جانے والی شاہراہ بھی احتجاج کے سبب بند ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین بجلی پانی نہ ہونے پر احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں