تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024ء کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن جاری ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024ء کا نوٹیفکیشن ہفتے کے روز جاری کیا تھا جس کے مطابق خصوصی سکیم کا اطلاق چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز، مینوفیکچررز کم ریٹیلرز اور امپورٹر کم ریٹیلرز پر ہو گا۔
تاجر دوست سپیشل پروسیجر 2024ء کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن یکم اپریل سے شروع ہو چکی ہے، ابتدائی طور پر رجسٹریشن کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں رجسٹریشن کی جارہی ہے ، تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرا سکیں گے، رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہو سکے گی، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 اپریل 2024ء رکھی گئی ہے۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 15 جولائی 2024ء سے کی جائے گی، ایڈوانس انکم ٹیکس کی 15 جولائی کے بعد ہر ماہ کی 15 تاریخ کو وصولی ہو گی، تاجروں اور دکانداروں کیلئے کم از کم ایڈوانس ٹیکس 1200روپے ہو گا۔
ادھر دوسری جانب وزیر تجارت جام کمال خان نے وزارت تجارت کے زیر اہتمام پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ سرکار کا کام کاروباری طبقے کی مدد کرنا ہے،دوبئی کی طرح سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کرنے کی ضرورت ہے،برآمدات میں اضافہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،تجارتی مسابقت کو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہا کہ ہمارا مقصد ٹیرف کے ڈھانچے کو آسان اور ہموار کرنا ہے، صنعتوں کے لیے لاگت کو کم کرنا، برآمدات کا فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا مقصد ہے،اسمگلنگ، ٹیکس چوری روکنے اور بزنس کے فروغکیلئے حکمت عملی کا کام جاری ہے،حکومت بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنا ہونگی،ہمارے نظام کے اندر بہت خامیاں ہیں جنہیں دور کرنا ہوگاہم زراعت بیسڈ معیشت سے باہر نہیں نکل سکے، البتہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کا حجم 15 سے 20 ارب ڈالر تک پہنچ گیا،دنیا میں اربوں ڈالر کی کاٹیج انڈسٹری بن چکی ہے۔