وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر فنڈز زیادہ ہوتے تو پنجاب کے عوام کو 14 روپے فی یونٹ سے بھی زیادہ ریلیف دیتے۔ 45 ارب روپے کا ریلیف دیا، عوام کے پیسے سے عوام کے بل دے دیے تو کیا غلط کیا؟
سندھ گورنمنٹ کے زیر تربیت صوبائی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ کے عوام کو ریلیف دیں گے تو سب سے زیادہ خوشی مجھے ہوگی۔ کسی صوبے میں اگر کوئی اچھا کام ہو رہا ہے تو اپنانے میں کوئی حرج نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مراد علی شاہ سے احترام کا رشتہ ہے، میٹنگ میں سب ایک ہوتے ہیں، سندھ میں جو اچھے کام ہوئے ہمیں بھی کرنے چاہئیں، ہمارے کام سندھ کو دیکھنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے کام ہم بھی کر رہے ہیں سندھ کو دیکھنے چاہئیں۔ نواز شریف نے موٹر وے بنا کر صوبوں کو ایک دوسرے سے جوڑا ہے، 100 فیصد میرٹ پر پوسٹنگ ٹرانسفر ہوتی ہیں، اپنے لوگوں کو ناراض کیا لیکن میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا، ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کو گلوبلائز کیا جائے گا، بیرون ملک بیٹھے لوگ گورنمنٹ سروسز حاصل کر سکیں گے۔