سپیکر سردار ایاز صادق نے واضح کردیا ہے کہ قومی اسمبلی میں کسی رکن کو اپوزیشن لیڈر کی حیثیت حاصل نہیں ہے۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ عمر ایوب قائد حزب اختلاف نہیں، حزب اختلاف کے ارکان کا تعین ہونے اور ان کی واضح اکثریت کی طرف سے کسی رکن کے بارے میں یقین حاصل ہونے تک قائد حزب اختلاف کا اعلان نہیں ہوسکتا اور نہ ہی اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری ہوسکتا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کو بطور پارلیمانی پارٹی تسلیم کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے ۔یاد رہے کہ سپیکر نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزادرکن زین قریشی کو سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا معاملہ اٹارنی جنرل کی رائے کے لئے ارسال کردیا ہے۔
زین قریشی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے ہیں انہیں پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کی درخواست سنی کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سپیکر کو گزشتہ اجلاس کے دوران پیش کی تھی۔