دیہات میں مقیم بیوہ اور مطلقہ خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی، پنجاب کی دیہی خواتین کی مالی خودمختاری ترجیحات میں شامل ہے، مساوی اور تیزترقی اور خوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق ہے؛ وزیراعلیٰ مریم نواز کا بیان
پنجاب حکومت نے دیہات کی ماؤں اور بہنوں کے لئے لائیو سٹاک منصوبہ متعارف کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دیہی خواتین کے لئے منفرد پروگرام کے تحت دیہات میں مقیم بیوہ اور مطلقہ خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی، جنوبی پنجاب میں 11ہزار نادار خواتین کے لئے 2 ارب روپے کا تاریخی پیکیج مختص کیا گیا ہے، ڈیرہ غازی، مظفر گڑھ،راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو میں دیہی خواتین کو بھینس اور گائیں مفت ملیں گی، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کی دیہی خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی۔
بتایا گیا ہے کہ نادار دیہی خواتین گائے اور بھینسوں پال کر اور دودھ بیچ کر باعزت روزگار کما سکیں گی، لائیوسٹاک پراجیکٹ سے اچھی نسل کی گائے، بھینسیں پال کر دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، 12 اضلاع کی دیہی خواتین لائیو سٹاک پراجیکٹ کے لئے اپلائی کر سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی دیہی خواتین کی مالی خودمختاری ترجیحات میں شامل ہے، دیہات خواتین کو لائیو سٹاک پراجیکٹ سے روزگار کے مواقع ملیں گے، ترقی اور خوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق ہے، لائیو سٹاک پراجیکٹ سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کا ہدف پورا ہوگا۔