دریائے راوی کے اطراف ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے دریائے راوی میں پانی کی بڑھتی سطح کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے راوی کنارے ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ شہری نہانے اور کشتی رانی سمیت کسی بھی مقصد کیلئے دریا پر نہ جائیں،تفریحی یا کاروباری سرگرمیوں کیلئے دریا کے کنارے جانے پر مکمل پابندی ہے۔
ڈی سی لاہور نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں نہانے یا کھیلنے کیلئے دریا پر مت جانے دیں۔ یاد رہے کہ لاہور میں آج بادل جم کر برسے،موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،گلی،محلوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے جہاں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہیں بارش سے سڑکوں پر گڑھے بھی پڑ گئے۔
بادل برسنے سے لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا اور 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
صوبائی دارالحکومت میں سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 163 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،جوہر ٹاون میں 156،نشتر ٹاؤن میں 151 اور لکشمی چوک میں 142 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل اور مشینری استعمال کی جائے،ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ نگران وزیراعلٰی پنجاب نے افسران کو نکاسی آب کا کام مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر مینجمنٹ کے ذریعے ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے۔