ڈولفن ٹیم نے ملزمان کو روک کر چیکنگ کی تو اس دوران ملزمان سے منشیات، ڈرون اور اسلحہ برآمد ہوا
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے بذریعہ ڈرون بارڈر پار منشیات سمگلنگ میں ملوث گینگ پکڑا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے لاہور کے علاقہ مناواں میں ڈرون کے ذریعے بارڈر پار منشیات کی سمگلنگ کرنے والے گینگ کو گرفتار کیا ہے، گینگ کی گرفتاری کے لیے مناواں کے علاقے گنجے سدھواں میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ڈولفن ٹیم نے ملزمان کو روک کر چیکنگ کی تو اس دوران ملزمان سے منشیات، ڈرون اور اسلحہ برآمد ہوا، ملزمان سے برآمد ہونے والی منشیات میں ہیروئن اور آئس شامل ہے، گرفتاری کے بعد ملزمان کی جانب سے منشیات اور اسلحہ بذریعہ ڈرون بارڈر پار سپلائی کرنے کا اعتراف سامنے آیا۔
ادھر شکارپور کے کچے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پہلی بار ڈرون کا استعمال کیا گیا ہے جہاں 5روز کے دوران ڈرون سے حملوں کے نتیجے میں 9 ڈاکو ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے، اس سلسلے میں کچے میں پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کےخلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے، دریا میں پانی آجانے کے سبب بکتر بندگاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں رہی تھی جس کے بعد پہلی مرتبہ پولیس اور رینجرز نے ڈرون کی مدد سے کچے میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پہلی بار ڈاکوؤں میں خوف دیکھنے میں آیا ہے، ڈاکو اب آئی پی سی اور بکتر بند سے زیادہ ڈرون سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ اس آپریشن میں کئی ڈاکو مارے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز نے کافی حد تک کامیاب حاصل کی ہے، چند روز قبل ڈرون شیلنگ سے بدنام ڈاکو بیلوتیغانی بھی شدید زخمی ہوا، اگر اس طرح آپریشن جاری رہا تو کچے میں ڈاکوؤں کاصفایا ہوجائے گا، رینجرز اور پولیس کچے کو کلئیر کروالیں گے اور اب کچے سے کلین سویپ کے بعد باہر آئیں گے۔