لاہور میں بادل پھٹنے کا انکشاف، جون میں زیادہ سے زیادہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ جانے کا دعوٰی، گزشتہ رات 6 گھنٹے 47 منٹ بارش ہوئی، کلاؤڈ برسٹ ہونے سے مختصر وقت میں 260 ملی میٹر بارش ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزراء عامر میر، بیرسٹر سید اظفر علی ناصر، وہاب ریاض اور منصور قادر نے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے کہا کہ گزشتہ رات 6 گھنٹے 47 منٹ بارش ہوئی۔ کلاؤڈ برسٹ ہونے سے مختصر وقت میں 260 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اتنی زیادہ بارش جون کے مہینے میں کبھی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 انڈر پاسز اور تین چار سڑکوں کے علاوہ لاہور کلیئر ہے۔
وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا کہ مون سون بارشوں کیلئے واسا کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایات دی گئیں تھیں، جبکہ پانی کی نکاسی کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے واسا انتظامیہ کے ساتھ متعدد اجلاس بھی منعقد کئے گئے۔
وزیر ہاؤسنگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے سیوریج نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کی نگرانی کر رہا ہوں۔ نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس مسلسل کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کل رات سے تمام وزراء بھی ضلعی انتظامیہ اور واسا کے ساتھ فیلڈ میں متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی نکاسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا کر کام کر رہے ہیں۔
واسا کے پاس عملہ موجود ہے، مزید عملے کی ضرورت نہیں ہے۔ آئندہ مون سون بارشوں کیلئے بھی تیار ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ نے بتایا کہ 7 گھنٹے سے کم وقت میں 260 ملی میٹر بارش ہوئی۔ 2 گھنٹے میں لاہور کی تمام شاہراہوں کو کلیئر کر دیا جائے گا۔ کابینہ ممبران اور ضلعی انتظامیہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔