صوبائی دارالحکومت میں کوڑا ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے سفارشات پنجاب حکومت کو پیش کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق لاہوریوں پر فی گھر سے کوڑا ٹیکس وصولی کی سفارشات پیش کردی گئیں، ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے وزارت خزانہ پنجاب کو تجویز پیش کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں کوڑا اٹھانے کے لیے فی گھر سے ماہانہ 250 روپے سے 2000 روپے تک ٹیرف عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کی گئی سفارشات میں کمرشل کے لیے 500 سے 10 ہزار روپے تک ماہانہ ٹیرف عائد کی تجویز دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے تجویز وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی، وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد ٹیکس لاگو ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں کوڑا ٹیرف عائد کرنے سے 12 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوسکتا ہے،ریونیو سے حکومتی خزانے پر ایل ڈبلیو ایم سی کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا، ایل ڈبلیو ایم سی کے سالانہ اخراجات 20 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب کا پہلا مستند ڈیٹا بیس ہب اور ڈیٹا بیس اتھارٹی کے لیے تجاویز اور سفارشات پرغورکیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے پہلے ڈیٹا بیس کی تشکیل سے معاشی پالیسی سازی میں مدد ملے گی اور مستند ڈیٹا ہب سے حقیقی مستحق عوام کو ریلیف میں بھی آسانی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب سوشواکنامک رجسڑی پراجیکٹ پرپیش رفت کا جائزہ لیا اور پنجاب کی آبادی کا مربوط اورمستند ڈیٹا مرتب کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے افسران کوہر بچے کی پیدائش پر ڈیٹا خود بخود اپ ڈیٹ کرنے کا طریقہ وضع کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مریم اورنگزیب کی سربراہی میں 13 رکنی ٹیکنکل ورکنگ گروپ بھی قائم کردیا، ٹیکنکل ورکنگ گروپ میں ایم این اے بلا ل کیانی، متعلقہ افسران اور اسٹیٹکس ماہرین شامل ہوں گے۔