سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی نشست جیت لی ہے۔
پی ایس 77 جامشورو 1کے تمام 169 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آگئے۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ 66100 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ جی ڈی اے کے روشن علی برڑو 6150 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مجموعی طور پر پرامن انتخابات کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے دن انتخابی عمل کو مانیٹر کیا،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ سے بھی رابطہ میں رہا۔
انہوں نے جمعرات کو جاری اپنے بیان میں مزید کہا کہ انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کا عملہ اور بہترین کوریج پر میڈیا بھی مبارکباد کا مستحق ہے۔
افواہوں کے برعکس صوبہ میں مجموعی طور پر انتخابات کا پر امن انعقاد سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ ڈالا، امید ہے نئی منتخب حکومت عوام کے مسائل کو حل اور معیشت کی بحالی کے اقدامات کرے گی۔