پاکستان مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حالیہ بیانیے کیخلاف حکمتِ عملی تیار کرلی ہے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا موجودہ بیانیہ جھوٹا ہے، ن لیگ نے عمران خان کے بیانیے کیخلاف حکمتِ عملی تیار کرلی ہے، مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز تنظیمی کنونشنز میں حقائق عوام کے سامنے رکھیں گی، مریم نواز پیر کو قصور جائیں گی، جہاں وہ کنونشن سے خطاب میں قوم کے سامنے حقائق کا انکشاف کریں گی۔
دوسری طرف چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کہتی ہیں مشکلات جتنی بھی گھمبیر ہوں وزیراعظم میں ان کا مقابلہ کرنے کا جذبہ بلند ہے۔
مشکلات جتنی بھی گھمبیر ہوں، وزیر اعظم شہباز شریف کا ان سے مقابلہ کرنے کا جزبہ اس سے زیادہ بلند ہے۔ اعلانات تو ہر کوئی کرتا ہے، مگر جو ان اعلانات کو حقیقت بنانے کے لئے میدان میں اتر جائے اس کو شہباز شریف کہتے ہیں۔ انشاءاللّہ پاکستان مشکلات کو شکست دے گا۔#مفت_آٹا_سستا_پٹرول pic.twitter.com/RUVfLFALwN
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 24, 2023
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے لکھا کہ اعلانات تو ہر کوئی کرتا ہے جو اعلانات کو حقیقت بنائے اس کو شہباز شریف کہتے ہیں۔ انشاءاللّہ پاکستان مشکلات کو شکست دے گا۔
اس سے قبل وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کے معاشی حالات پر سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے گئے جبکہ نوازشریف کے دور میں عوام کو آٹا اور چینی سستے داموں فراہم کئے جاتے تھے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے اب تک 42 لاکھ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ معاشی مسائل کے باوجود عوام کی خدمت کیلئےکوشاں ہیں، وزیراعظم عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے،مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ خیبرپختونخوا میں بھی جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود وزیراعظم کی ترجیح ہے، شہبازشریف نے مفت آٹے کی تقسیم کے مراکز کا اچانک دورہ کیا اور اس دوران بزرگ شہریوں اور عوام سے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔